فلسفہ ریڈ پل اور اسلام

 فلسفہ ریڈ پل اور اسلام کے درمیان تضاد
تحریر ۔ ڈاکٹر لیلی حمدان 
اردو ترجمہ ۔ مائزہ خان 
اردو ترجمے کی تاریخ : 16 جون 2025 
فلسفۂ ریڈ پل اور اسلام کے درمیان بنیادی تضاد

فلسفہ ریڈ پل مغرب سے آیا ہوا وہ فکری سانچہ ہے جو مردوں اور عورتوں کے درمیان تعلقات کو ایک مخصوص اور محدود نظر سے دیکھتا ہے یہ فلسفہ کہتا ہے کہ عورت کی فطرت میں بے وفائی، مکر، خودغرضی اور مفاد پرستی ہے اور اسی بنیاد پر وہ مردوں کو عورتوں سے محتاط رہنے کی تلقین کرتا ہے اس میں مردانگی کا معیار سختی، کنٹرول اور عورت پر غلبہ رکھا جاتا ہے اور زندگی کو طاقت کے توازن اور مفاد کے حساب سے ماپا جاتا ہے

یہ فلسفہ اسلامی تعلیمات سے یکسر متصادم ہے کیونکہ اسلام انسان کو خیر، عدل، رحم، تقویٰ، اور احسان کی بنیاد پر سمجھتا ہے اور مرد و عورت کے درمیان تعلق کو سکون، مودت اور رحمت کے ستونوں پر قائم کرتا ہے اسلام قوامیت کو ظلم نہیں بلکہ ذمہ داری قرار دیتا ہے اور عورت کو عزت، وقار اور تحفظ دیتا ہے نہ کہ شک اور بدگمانی کی بنیاد پر اس سے تعلق قائم کرتا ہے

فکری بنیادوں میں فرق

اسلام کی فکری بنیاد وحی الٰہی ہے اور تمام فیصلے قرآن و سنت کی روشنی میں کیے جاتے ہیں جبکہ ریڈ پل تجربات، مشاہدات اور انسانی قیاسات پر مبنی ہے جو مغرب کے مخصوص معاشرتی بگاڑ کے ماحول سے اخذ کیے گئے ہیں اس میں عورتوں کا جو نمونہ بیان ہوتا ہے وہ ان مغربی عورتوں کا ہوتا ہے جو دینی تعلیمات اور حیا سے محروم ہوتی ہیں اور اسے معیار سمجھ کر تمام عورتوں پر اطلاق کیا جاتا ہے جو کہ بہت بڑا علمی و اخلاقی انحراف ہے

اسلام ہمیں حکم دیتا ہے کہ ہم ہر بات کو قرآن و سنت کے میزان پر پرکھیں اور جو چیز اس کے مطابق ہو اسے لیں اور جو خلاف ہو اسے رد کریں لیکن افسوس یہ ہے کہ ریڈ پل کے دلدادہ نوجوان اس فلسفہ کو اصل مانتے ہیں اور اسلام کی تعلیمات کو اس کے تابع کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی اصل خرابی ہے

ریڈ پل اور عورت کی حیثیت

ریڈ پل کے مطابق عورت ناقابل اعتماد ہے اور وہ صرف طاقتور، دولت مند اور پرکشش مرد کی طرف مائل ہوتی ہے اور اگر مرد ان صفات سے محروم ہو تو عورت اسے چھوڑ دیتی ہے اس بنیاد پر وہ شادی کو فریب اور خاندانی زندگی کو ایک خطرہ سمجھتے ہیں جبکہ اسلام عورت کو ایک قابل عزت انسان، ماں، بہن، بیوی اور بیٹی کی حیثیت سے دیکھتا ہے اور اس کے ساتھ حسن سلوک، بھلائی اور اکرام کی تعلیم دیتا ہے

اسلام کا اصول یہ ہے کہ نکاح نصف دین کی تکمیل ہے اور اس میں خیر، عفت، تعاون اور نسل کی حفاظت ہے جبکہ ریڈ پل نکاح کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مرد کو اس میں صرف نقصان کا اندیشہ دلاتا ہے یہ خوف عورت کے خلاف نفرت پیدا کرتا ہے اور معاشرتی بگاڑ کو مزید بڑھاتا ہے

قوامیت اور مردانگی کا مفہوم

ریڈ پل میں مردانگی کا مطلب یہ ہے کہ مرد عورت پر حکم چلائے، اسے قابو میں رکھے، اس پر اعتماد نہ کرے، اس کی عزت نہ کرے بلکہ صرف اسے ایک جسم یا وقتی ضرورت سمجھے جبکہ اسلام قوامیت کا مطلب ہے نرمی، شفقت، ذمہ داری، کفالت، تحفظ اور محبت مرد عورت پر ذمہ دار ہوتا ہے نہ کہ ظالم یا جابر

اسلامی مردانگی میں حلم، برداشت، شجاعت، عدل، وفا، غیرت اور عزت نفس شامل ہے جبکہ ریڈ پل اسے غصے، شک، دھوکے اور کنٹرول کا نام دیتا ہے یہ اسلامی اخلاق کے بالکل برعکس ہے اور اگر مسلمان نوجوان اسے اپناتے ہیں تو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلق عظیم سے کوسوں دور جا پڑتے ہیں

شادی اور خاندانی نظام کی اہمیت

اسلام میں شادی ایک بابرکت معاہدہ ہے جس میں دلوں کا سکون، نگاہوں کی حفاظت اور ایمان کی تکمیل ہوتی ہے لیکن ریڈ پل شادی کو خطرہ، عورت کو بوجھ، اور خاندانی زندگی کو کمزوری سمجھتا ہے اسی فلسفے کی وجہ سے مغرب میں طلاق کی شرح بڑھ گئی، اولاد حرام تعلقات کا نتیجہ بن گئی، اور نسل بے سمت ہو گئی

اگر ہم بھی اسی راستے پر چلے تو ہمارے معاشرے میں بھی خاندان بکھر جائیں گے، عورت مرد کی دشمن بن جائے گی، اور نسل بے راہ روی کا شکار ہو جائے گی اس لیے اسلام کی تعلیمات ہی ہمارے لیے نجات کا راستہ ہیں

نتیجہ اور نصیحت

اسلامی نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ مغربی فلاسفہ اور نظریات کے فریب میں نہ آئیں بلکہ قرآن و سنت کو اپنی رہنمائی کا مرکز بنائیں زندگی کا ہر پہلو، خواہ وہ تعلقات کا ہو یا کردار کا، صرف دین سے روشنی حاصل کر کے ہی سنور سکتا ہے

ریڈ پل جیسی فکری گمراہیاں وقتی تسلی تو دیتی ہیں لیکن دل و دماغ میں بدگمانی، غصہ، نفرت اور خوف بھر دیتی ہیں جبکہ اسلام امن، سکون، عدل، محبت اور پاکیزگی کی دعوت دیتا ہے

اس لیے لازم ہے کہ مسلمان نوجوان دل و جان سے اسلام کو سمجھے، اس پر عمل کرے، اور ہر فکری یلغار سے اپنے دین اور ذہن کو محفوظ رکھے اور یاد رکھو کہ عزت، قوامیت، قیادت، سکون اور محبت سب کچھ دین اسلام کے دامن میں ہی ہے



Comments

Popular posts from this blog

Horses and religion

پاسداران اسرائیل

Front camera tomb door